“لاک ڈاون میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کا چیلنج ختم ہوگیا”

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2020 10:31am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کا چیلنج ختم ہوگیا ہے،اس وباء سے جنگ جاری ہے، ہم نے خود کو بھی محفوظ رکھنا ہے اور دوسروں کو بھی بچانا ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‏وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں نرمی عوام کی زندگیوں میں آسانی، اشیائے ضروریہ کی بروقت فراہمی اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ہے،اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ کورونا کا چیلنج ختم ہوگیا ہے،اس وباء سے جنگ جاری ہے، ہم نے خود کو بھی محفوظ رکھنا ہے اور دوسروں کو بھی بچانا ہے،تمام شہریوں کو حقوق اور فرائض میں توازن پیدا کرنا ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں پرسختی سے عمل جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ عوام کی مدد اور تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی،ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں،کورونا کا واحدعلاج احتیاط اور پرہیز ہے۔